wehelpf9

WEHELPF9

کرکٹ ورلڈکپ،بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست، آسٹریلیا چھٹی بار عالمی چیمپئن بن گیا

کینگروز نے ورلڈکپ فائنل جیتنے کی روایت برقرار رکھی اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ورلڈکپ 2023 کا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کر وا دیا۔

تفصیلات کےمطابق آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔واضح رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

قبل ازیں ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی اسکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 18، کلدیپ یادیو نے 10 اور محمد شامی نے 6 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی اسکور پر 3 اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد لبوشین اور ٹریوس ہیڈ نے شاندار شراکت داری بنائی اور احمد آباد کے میدان میں بیٹھے ایک لاکھ سے زائد بھارتی شائقین کو خاموش کر ادیا۔ دونوں بیٹرز نے تحمل کے ساتھ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس بھی لگائے۔لبوشین اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان 192 رنز کی میچ وننگ شراکت داری قائم ہوئی جس نے بھارت کے ورلڈکپ جیتنے کے خواب چکنا چور کر دیے۔ٹریوس ہیڈ نے 137جبکہ لبوشین نے 58رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، گلین میکسویل 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Reply

Discover more from wehelpf9

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Scroll to Top