پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، مزید 10 میں تصدیق

میو اسپتال میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا ہے جب کہ مزید 10 افراد میں اس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

نیوز کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں زیرعلاج کورونا کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا ہے۔ 50 سالہ غلام عمران کا تعلق حافظ آباد سے تھا۔ غلام عمران گزشتہ دنوں ایران سے واپس لوٹا تھا اور 14 روز قرنطینہ میں گزار کر واپس لوٹا تھا۔ غلام عمران کو گزشتہ رات تشویش ناک حالت میں میو اسپتال لایا گیا تھا، مریض کو آئی سی یو میں رکھا گیا مگر وہاں وینٹی لیٹر کی سہولت نہیں تھی۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد  میں بتدریج اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ سندھ اور پنجاب میں مزید 10 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد  ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 195 ہوگئی۔

 

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے وار

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 5 لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں 376 افراد قرنطینہ میں ہیں، 42  مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیےہیں جن میں سے 5 مثبت آئے ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے 6 کیسز ہیں، ایک مریض میو اسپتال لاہور میں زیر علاج ہے۔ مزید 48 ٹیسٹس کی  رپورٹ آنے والی ہے۔ عوام کو کورونا وائرس سے متعلق صورتحال سے آگاہ رکھیں گے، عوام موجودہ صورتحال کو چھٹی نہ سمجھیں، یہ مجبوری ہے،عوام ان دنوں میں   صرف ضرورت کےلیے گھروں سے باہر نکلیں،سیر تفریح  نہ کریں۔

سندھ میں مزید 5 افراد میں کورونا کی تصدیق

ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 5 افراد سامنے آئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 155 ہوگئی ہے جب کہ سکھر میں موجود 234 زائرین کے کورونا وائرس ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے جس میں سے 119 زائرین کے ٹیسٹ مثبت اور 115 کے منفی ہیں۔

 

منبر اور امام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے میڈیا آگاہی کے ذریعے کلیدی کردار سرانجام دے رہا ہے جو لائق تحسین ہے۔ اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے میڈیا کو اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں افراتفری اور ہیجان سے بچنا ضروری ہے۔ زیادہ باخبر رہنا ہے تاکہ اتحادویکجہتی سے اس وائرس کا مقابلہ کیا جاسکے۔میڈیا کا سارے عمل میں کلیدی کردار ہے۔

 

ذخیرہ اندوز اللہ کی پکڑ میں آئیں گے

وزیر صحت کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماسکس،ہینڈ سینیٹائزر اور کٹس  مہنگے داموں  فروخت  کرنے سے باز رہیں،گراں فروش اور ذخیرہ اندوز حکومت اور اللہ کی پکڑ میں آئیں گے۔ ایک روپے کی چیز100روپے میں بیچنے والے سن لیں، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، اللہ تعالیٰ خود غرض افراد کو سخت سزا دیتا ہے ۔ زندگی اور موت کے فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی،یہ جنگ بھی جیتیں گے،کورونا وائرس پر سیاست نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بیماری کی علامات، اس کے ممکنہ علاج اور بچاؤ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ ہم سب اپنا اور ایک دوسرے کا خیال رکھ سکیں، خود اس بیماری سے محفوظ رہیں اور اپنے پیاروں کو بھی اس وباء سے بچا سکیں ۔افواہوں پر کان ہرگز نہ دھریں۔ مسجد کا منبر اور امام کی آواز اس بین الاقوامی چیلنج سے مقابلے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر سکتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس اہم قومی فریضہ میں علماء کے مرکزی کردار کیلئے وزارت مذہبی امور کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

1 thought on “پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، مزید 10 میں تصدیق”

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *