Darood Shrif & Love!

درود شریف کے اندر ایک پورا نظام پوشیدہ ہے

ہم اپنی لغت میں اسے ’’ نظام محبت‘‘ اور ’’ نظام رحمت‘‘ کہہ سکتے ہیں…
درودشریف پڑھتے ہی یہ پورا نظام حرکت میں آجاتا ہے…
مختصر طور پر اس نظام کو سمجھ لیں… درودشریف پڑھنے والے نے … اللہ تعالیٰ سے محبت کا ثبوت دیا…
کیونکہ درودشریف پڑھنے کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے…
یہ ہوئی پہلی محبت…

درود شریف پڑھنے والے نے حضور اقدس ﷺ سے محبت کا ایک حق ادا کیا… یہ محبت ایمان کے لئے لازمی ہے…
جب تک رسول اللہ ﷺ کی محبت … ہمیں ہر چیز سے بڑھ کر حاصل نہیں ہوگی… اس وقت تک ہمارا ایمان کامل نہیں ہوسکتا… اعتبار والا ایمان وہی ہے جس میں حضور اقدسﷺ سے محبت… سب سے بڑھ کر ہو…

ہمیں حضور اقدس ﷺ کی ظاہری صحبت حاصل نہیں ہوئی …
مگر ہم آپ ﷺ کی محبت تو پا سکتے ہیں… یہ محبت ہمیں جس قدر زیادہ نصیب ہوگی اسی قدر ہمارے دل میں…
آپﷺ کی زیارت، شفاعت، صحبت اور تذکرے کا شوق بڑھے گا… درودشریف میں بندہ اپنی اسی محبت کا اظہار کرتا ہے…
یہ ہوئی دوسری محبت

ہم نے محبت سے درود شریف پڑھا تو… درودشریف کی خدمت پر مامور ملائکہ نے اسے محبت سے اُٹھایا اور سنبھالا … ان عظیم ملائکہ یعنی فرشتوں کے عجیب و مختلف حالات حدیث شریف کی کتابوں میں آئے ہیں… یہ معزز فرشتے درود شریف کو اُٹھانے، سنبھالنے اور پہنچانے کی خدمت انجام دیتے ہیں …
بہت تیزی اور محبت سے سر انجام دیتے ہیں…
فرشتوں کو درودشریف سے محبت ہے…
اس کا ثبوت قرآن مجید میں موجود ہے…
یہ ہوئی تیسری محبت

پھر اللہ تعالیٰ نے ایک وسیع طاقت اور سماعت رکھنے والا ایک فرشتہ (ایک روایت میں دو فرشتے) مقرر فرما رکھا ہے… جو درودشریف پڑھنے والے کو … بڑی محبت بھری دعا دیتا ہے اور کہتا ہے ’’ غفرانک اللّٰہ ‘‘…
اللہ تعالیٰ تیری مغفرت فرمائے… فرشتے کی اس دعاء پر دیگر فرشتے آمین کہتے ہیں … اور اللہ تعالیٰ اس دعا کو قبول فرماتا ہے…
یہ ہوئی چوتھی محبت…

فرشتوں نے یہ درودشریف حضور اقدس ﷺ تک… درود شریف پڑھنے والے کی ولدیت کے ساتھ پہنچا دیا کہ…
یا رسول اللہ ﷺ ! فلاں بن فلاں نے آپ پر صلوٰۃ و سلام بھیجا ہے… آپ ﷺ اس صلوٰۃ و سلام کا محبت کے ساتھ جواب ارشاد فرماتے ہیں … سبحان اللہ! حضرت آقا مدنی ﷺ کا جواب … آپ ﷺ کی ہمارے لیے دعاء رحمت… اور ہمارے لیے سلام…
یہ ہوئی پانچویں محبت…

اب ان پانچ محبتوں کے بعد… محبت کے مے خانہ کا اصل دور شروع ہوتا ہے … وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ توجہ خاص فرماتا ہے… اور پھر اس بندے پر محبت اور رحمت کی بارش فرما دیتا ہے…
دس خاص رحمتوں کا نزول… دس درجات کی بلندی …
دس گناھوں کی معافی… اور معلوم نہیں کیا کیا انعامات…

تو زمین سے لے کر عرش تک… کیسا زبردست ’’نظام محبت و رحمت‘‘ متحرک ہو گیا… اب جس بندے کو یہ نعمت نصیب ہوئی… اس کا کون سا مسئلہ ہے جو حل نہیں ہوگا اور کون سی پریشانی ہے جو دور نہیں ہوگی…

‏‎اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّد كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيم إنَّك حميدٌ مجيدٌ اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ

وَعَلَى آلِ مُحَمَّد كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيم إنَّك حميدٌ مجيدٌ

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *